خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور سائنس و ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا شفیع جان کا پیغام

وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا شفیع جان نے خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اپنے پیغام میں پوری امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آقائے نامدار ﷺ کی ولادت باسعادت محض اہل ایمان کے لیے نہیں بلکہ روئے زمین پر بسنے والی پوری انسانیت کے لیے رحمت، برکت اور مسرت کا پیغام لے کر آئی۔ آپ ﷺ کی تعلیمات عالیہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مکمل اور جامع ضابط حیات ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت کی سرخروئی حاصل کی جا سکتی ہے۔بارہ ربیع الاول کی بابرکت مناسبت سے سرکار دو عالم، رحمت کائنات، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت باسعادت پرانہوں نے مزید کہا کہ نبی آخر الزماں ﷺ کی تشریف آوری اللہ رب العزت کی جانب سے بنی نوع انسان پر احسان عظیم ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس سے محبت ایمان کی بنیادی شرط ہے، اور آپ ﷺ کی سیرت طیبہ ہر دور اور ہر زمانے کے انسانوں کے لیے مینار نور اور مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ رحمۃ للعالمین ﷺ نے ہمیشہ احترامِ انسانیت، عفو و درگزر، قیامِ عدل و انصاف کا درس دیا۔ آپ ﷺ کا خطبہ حجۃ الوداع آج بھی پورے عالمِ انسانیت کے لیے حقوقِ انسانی کا ایک لازوال اور جامع منشور ہے، جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ریاستِ مدینہ کے سنہری اصولوں کو اپنا کر ہی ایک ترقی یافتہ، فلاحی اور اسلامی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بابرکت اور مقدس دن ہمیں نئے سرے سے عہد کرنا چاہیے کہ اپنی زندگیوں، اخلاق و کردار اور اعمال کو سیرتِ طیبہ ﷺ کے مطابق ڈھالیں گے، اور ایک عادلانہ، منصفانہ اور فلاحی معاشرے کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں