خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری خوردونوش اشیاء کیخلاف ایکشن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایبٹ آباد میں کارروائی کی اور ایک ٹرک سے تقریباً 6 ہزار کلوگرام ناقص و ملاوٹی بیسن برآمد کرکے ضبط کرلیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کی اور بتایا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے شہر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی کے دوران اشیائے خوردونوش لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران ایک ٹرک سے بیسن برآمد ہوا، جس کے نمونے موقع پر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے چیک کیے گئے۔فوڈ اتھارٹی کے مطابق بیسن کے مزید تجزیے اور تصدیق کے لیے نمونے صوبائی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی ارسال کیے گئے، جہاں لیبارٹری رپورٹس میں بیسن کو غیر معیاری اور ملاوٹی قرار دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ ناقص و ملاوٹی بیسن کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی شروع کردیا گیا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ممعاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کامیاب کاروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ خوردونوش اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی تیاری و ترسیل میں ملوث کاروباروں کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی ہوگی۔معاون خصوصی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے۔
