خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے ضلع صوابی میں جہانگیرہ تا صوابی ڈوئلائزیشن روڈ کے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ تقریباً 12 کلومیٹر طویل اس اہم عوامی منصوبے پر صوبائی وزیر کو محکمہ مواصلات و تعمیرات کے متعلقہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر محنت فیصل خان ترکئی، ارکان صوبائی اسمبلی رنگیز خان اور عبدالکریم خان طور ڈھیر، محکمہ زراعت کے پارلیمانی سیکرٹری مرتضیٰ خان ترکئی سمیت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جہانگیرہ تا صوابی ڈوئلائزیشن روڈ منصوبے پر خطیر رقم سے تعمیراتی کام جاری ہے، جس کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کے مسائل کے خاتمے، سفری سہولیات میں بہتری اور عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔صوبائی وزیر شکیل احمد نے منصوبے کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ تعمیراتی کام کے معیار اور مقدار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں صوبائی وزیر شکیل احمد نے زیر تعمیر زچہ و بچہ ہسپتال کا بھی معائنہ کیا اور منصوبے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے پر جاری پیش رفت اور مختلف تعمیراتی مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر شکیل احمد نے کہا کہ زچہ و بچہ ہسپتال ایک انتہائی اہم عوامی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے علاقے کے عوام خصوصاً خواتین اور بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بہتر سفری، طبی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں پر تعمیراتی کام کی مسلسل نگرانی کی جائے، درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
