ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام یونیورسٹی آف پشاور میں سیرت النبی ﷺ سیمینار اور نعت خوانی، قرأت و تقریری مقابلوں کا انعقاد

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا عباس آفریدی نے کہا کہ سیرتِ النبی ﷺ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان میں اسلامی اقدار، اخلاقِ حسنہ، برداشت، محبت، اخوت اور مثبت معاشرتی کردار کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعت خوانی، قرأت اور تقریری مقابلوں جیسے پروگرامز نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دینی و اخلاقی تعلیمات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عبدالرحمٰن، ڈائریکٹر شیخ اسلامک سنٹر، یونیورسٹی آف پشاور تھے۔ تقریب میں مفتی رحیم داد خان، جامعہ البرہان؛ ڈاکٹر اسماعیل، یونیورسٹی آف پشاور؛ مفتی اکبر علی، جامعہ انوار العلوم تہکال اور مفتی سید العارفین؛ مرکز العلوم، راحت آباد سمیت دیگر معزز علماء، اساتذہ، طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز عاطفہ یوسفزئی اور عرفان خان بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران نعت خوانی، قرأت اور تقریری مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں نوجوانوں اور طلبہ نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقررین نے سیرتِ النبی ﷺ کی تعلیمات کو نوجوان نسل کی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ نوجوان نسل میں اخلاق، برداشت، محبت، اخوت اور مثبت معاشرتی کردار کو فروغ دینے کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد نہایت اہم ہے۔ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا عباس آفریدی کی ہدایات کے تحت منعقدہ اس پروگرام میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت کو سراہا گیا، جبکہ نعت خوانی، قرأت اور تقریری مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔

مزید پڑھیں