محکمہ ہاؤسنگ کی ای۔ کھلی کچہری، ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق عوام اور سرکاری ملازمین نے مختلف سوالات کئے

سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ خیبر پختونخوا محمد انور خان کی زیرِ صدارت جمعرات کے روز محکمہ ہاؤسنگ کے کمیٹی روم میں ای۔ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ محمد زاہد خان، ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ اور محکمہ کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ای۔کھلی کچہری کے دوران عوام اور سرکاری ملازمین نے سوشل میڈیا، ٹیلی فون کالز اور پیغامات کے ذریعے شرکت کی اور مختلف ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق سوالات اور مسائل سے محکمہ حکام کو آگاہ کیا۔ شہریوں کی جانب سے سرکاری پلاٹس کے حصول، پشاور ویلی منصوبے کی تکمیل، جلوزئی، جرما، ملازئی اور ہنگو ہاؤسنگ اسکیموں پر کام کی پیش رفت سمیت دیگر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی سوالات کیے گئے۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان نے کہا کہ ای کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ویلی ہاؤسنگ منصوبہ صوبے کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے اور صوبائی حکومت اس کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے، جبکہ اس سلسلے میں سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ملازئی ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس اسکیم میں بھرپور دلچسپی لیں، جبکہ محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازئی ہاؤسنگ اسکیم میں اسٹریٹ لائٹس اور سیکیورٹی کے انتظامات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے۔سرکاری ملازمین کے لیے پلاٹس کی فراہمی سے متعلق سوال کے جواب میں محمد انور خان نے بتایا کہ بہت جلد پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ میں پانچ سال سے کم عرصہ باقی رہ جانے والے سرکاری ملازمین کو بغیر قرعہ اندازی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ دیگر سرکاری ملازمین کو سال 2026 میں سینیارٹی کی بنیاد پر تقریباً دو ہزار پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ محمد زاہد خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاٹس کے حصول اور دیگر متعلقہ معلومات کے لیے دستک ایپ کے ذریعے اپنی معلومات کو اپڈیٹ رکھیں تاکہ انہیں محکمہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور پیش رفت سے بروقت آگاہی حاصل ہو سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی جانب سے کیے گئے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر ہاؤسنگ اسکیم میں سب سے پہلے گھر تعمیر کرنے والے الاٹیز کو مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔جلوزئی ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان نے واضح کیا کہ اس منصوبے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔محکمہ ہاؤسنگ کے حکام نے اس موقع پر عوام کو یقین دلایا کہ ہاؤسنگ اسکیموں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں