ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے سیاحوں کو بہتر سہولیات اور صوبے میں سیاحت کے فروغ کے نئے مواقع میسر آئیں گے: معاون خصوصی ملک عدیل اقبال

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال کی زیر صدارت محکمہ سیاحت و ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سیاحت و ثقافت سعادت حسن، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئے منصوبوں، موجودہ پیش رفت، مالی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور منصوبوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد اور سیاحت کے فروغ سے متعلق منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام منصوبوں پر عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت و ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مجموعی طور پر 58 منصوبے شامل ہیں، جن میں 26 نئے منصوبے جبکہ 11 منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت شامل ہیں جبکہ دو فارن فنڈڈ منصوبے بھی شامل ہیں، اسطرح سات منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ اجلاس میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا جبکہ جاری منصوبوں کی رفتار، معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔معاون خصوصی ملک عدیل اقبال نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ونز جلد تیار کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ منصوبوں پر عملی کام کے آغاز میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ بندی کے مرحلے میں تمام ضروری تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام اور سیاحوں تک جلد پہنچ سکیں۔معاون خصوصی نے ٹورازم فیسلٹیشن سنٹر کو آئندہ سیاحتی سیزن سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو ایک ہی مقام پر ضروری معلومات، رہنمائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سنٹر کی تکمیل کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے گلیات میں چیئر لفٹ منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے کے سیاحتی مقامات پر جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ گلیات سمیت دیگر اہم سیاحتی مقامات کی ترقی سے نہ صرف سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ملک عدیل اقبال نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع سے مالا مال صوبہ ہے۔ حکومت سیاحت کے فروغ، تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل سے صوبے کے سیاحتی شعبے کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں