
محکمہ مواصلات و تعمیرات، حکومت خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام صوبے کے مختلف اضلاع میں نئے تعینات ہونے والے سب ڈویژنل آفیسرز (ایس ڈی اوز) کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نئے افسران کو محکمانہ امور، مروجہ پالیسیوں، قوانین، تکنیکی تقاضوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ورکشاپ میں سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات ضیائ الحق، پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات و تعمیرات میاں شرافت علی، محکمہ کے تمام چیف انجینئرز، اعلیٰ افسران اور انجینئرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ضیائ الحق نے نئے تعینات افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی کے بعد ان پرمحکمہ کی اہم ذمہ داری عائد ہوئی ہے اور امید ہے کہ نئے افسران صوبائی حکومت کی پالیسیوں، محکمانہ قواعد و ضوابط اور مروجہ قوانین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے ہوئے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات صوبے میں سڑکوں، سرکاری عمارات اور دیگر اہم عوامی منصوبوں کی تعمیر و بحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے فیلڈ افسران کے فرائض انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ضروری ہے کہ منصوبوں کے معیار، رفتار، شفافیت اور مقررہ قواعد پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر (سینٹر) جمشید علی خان نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مختلف شعبوں، افسران کی ذمہ داریوں اور محکمانہ طریقہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے نئے تعینات ایس ڈی اوز کو جاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی معیار، نگرانی، تخمینہ جات، تکنیکی امور اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر محکمہ کے دیگر چیف انجینئرز اور متعلقہ افسران نے بھی نئے ایس ڈی اوز کو اپنے اپنے شعبوں سے متعلق امور، فیلڈ میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ ورکشاپ سے پارلیمانی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات میاں شرافت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے افسران فرائض منصبی خوش اسلوبی اور بہترین طریقے سے ادا کرینگے اور ملک وقوم کا نام روشن کرینگے ورکشاپ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران عوامی مفاد کے منصوبوں کی مؤثر نگرانی، اعلیٰ معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لائیں گے۔
