ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کی یقین دہانی، پشاور لاہور اڈہ سے ٹرانسپورٹ سروسز بحال کرنے کا اعلان*وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان کی زیر صدارت پیر کے روز ان کے دفتر میں پشاور لاہور اڈہ کے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے متعلقہ حکام کے علاوہ لاہور اڈہ ٹرانسپورٹرز یونین کے عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹرز نے معاون خصوصی کو کرایوں، شیڈول ریٹس اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ کاروباری حضرات کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔معاون خصوصی سمیع اللہ خان نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل تفصیل سے سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے شیڈول ریٹس سمیت تمام جائز مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹرز عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ، آسان اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سمیع اللہ خان نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز سے قانون کے برخلاف کسی بھی قسم کی اضافی ٹیکس وصولی برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی کو بھی اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔معاون خصوصی کی یقین دہانی پر پشاور لاہور اڈہ کے ٹرانسپورٹرز نے مختلف روٹس پر گاڑیوں کی آمد و رفت فوری طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو آمد و رفت کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
