مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے صرف ایک سادہ سا سوال پوچھا تھا کہ چین سے بغیر کیمو تھراپی کے کینسر کے علاج کے لیے جو مشین لائی گئی تھی، اس کا کیا بنا اور اس کے نتائج کیا رہے؟مزمل اسلم نے کہا کہ سوال کا جواب دینے کی بجائے غلیظ زبان استعمال کرنا انتہائی افسوسناک ہے، اس طرزِ عمل سے اخلاقیات کا جنازہ نکالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج کے لیے مبینہ طور پر صرف 70 مریضوں پر تجربہ کیا گیا، جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ اس تجربے کے نتائج کامیاب رہے یا نہیں۔ عوام کو بتایا جانا چاہیے کہ اس مشین سے کتنے مریضوں کا علاج ہوا، اس کے نتائج کیا رہے اور اس کی افادیت کیا ثابت ہوئی۔مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ دوسری جانب شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال لاکھوں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کر چکا ہے اور اب تک دس لاکھ مفت کیمو تھراپی مکمل کی جا چکی ہیں۔مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان کا تیسرا بڑا کینسر ہسپتال بھی دسمبر میں کراچی میں کھلنے جا رہا ہے، جو کینسر کے مریضوں کو علاج کی مزید سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ناحق قید کے باوجود ان کی جانب سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن عوام کے بنیادی سوالات کا جواب دلیل اور حقائق سے دیا جانا چاہیے، ذاتی حملوں اور غیر اخلاقی زبان سے نہیں۔
