خیبرپختونخوا مدارس میں لائبریریز کا قیام، 210 مدارس کو نصابی کتب اور لائبریری فرنیچر کی فراہمی مکمل کر لی گئی

خیبرپختونخوا مدارس میں لائبریریز کا قیام، 210 مدارس کو نصابی کتب اور لائبریری فرنیچر کی فراہمی مکمل کر لی گئی۔محکمہ اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور خیبرپختونخوا نے صوبے کے دینی مدارس میں تعلیمی سہولیات کی بہتری اور طلبہ کو معیاری مطالعہ کا ماحول فراہم کرنے کے لیے ایک بڑے اور اہم منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ اوقاف بلڈنگ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اور بندوبستی اضلاع کے 210 رجسٹرڈ مدارس میں نصابی کتب اور لائبریری فرنیچر تقسیم کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور محمد عدنان قادری تھے۔ تقریب میں سیکرٹری اوقاف عطاءالرحمان، سربراہ متحدہ علماء بورڈ مولانا احسان الحق سمیت علماء کرام شریک ہوئے.اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد عدنان قادری نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد دینی مدارس کے طلبہ کو نصابی کتب تک بہتر رسائی فراہم کرنا اور ان کے لیے جدید تعلیمی ماحول قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریوں کے قیام سے منتخب مدارس کے طلبہ کو باقاعدہ اور بہتر مطالعاتی سہولیات میسر آئیں گی، جو ان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔منصوبے کی تفصیلات شئیر کرتے ہوئے صوبائی وزیر عدنان قادری نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت صوبے کے 140 مدارس بندوبستی اضلاع جبکہ 70 مدارس ضم شدہ اضلاع میں واقع ہیں، جنہیں یہ تعلیمی مواد فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں دینی مدارس کے نصاب کو سپورٹ کرنے کے لیے ہر منتخب مدرسے کو منظور شدہ نصابی کتب کے سات (07) سیٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 11,760 نصابی کتب تقسیم کی جا رہی ہیں، تعلیمی درجات کے مطابق ہر درجے کے لیے 1,470 کتب شامل ہیں جو درجہ اولیٰ، ثانیہ، ثالثہ، رابعہ، خامسہ، سادسہ، موقوف علیہ، دورہ حدیث پر مشتمل ہیں. وزیر مذہبی امور عدنان قادری نے مزید کہا کہ مدارس میں مطالعہ، علمی سرگرمیوں اور تحقیق کے لیے موزوں ماحول پیدا کرنے کی غرض سے مجموعی طور پر 2,940 فرنیچر آئٹمز فراہم کیے جا رہے ہیں ہر مدرسے کو 2 بک شیلف/الاریاں، 2 لائبریری ٹیبلز اور 10 کرسیاں دی جا رہی ہیں۔ جس میں مجموعی تعداد میں بک شیلف / الماریاں 420، لائبریری ٹیبلز 420، لائبریری کرسیاں 2,100 شامل ہیں. تقریب سے سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور عطاء الرحمان، اور متحدہ علماء بورڈ کے سربراہ مولانا احسان الحق نے بھی تقریب سے خطاب کی.

مزید پڑھیں