
خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان سے سابق ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان خان نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں حلقہ پی کے 72 میں محکمہ آبپاشی کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں، آبپاشی نظام کی بہتری اور عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران حلقہ پی کے 72 میں محکمہ آبپاشی کی جاری سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مختلف منصوبوں کی تکمیل میں درپیش مسائل، عوامی ضروریات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر حلقے میں آبپاشی سے متعلق مزید ضروری منصوبوں اور موجودہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے۔صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ حلقہ پی کے 72 میں محکمہ آبپاشی کی تمام جاری ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ علاقے کے عوام کو آبپاشی کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور زرعی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حلقہ پی کے 72 میں جاری تمام منصوبوں کی پیش رفت باقاعدگی سے مانیٹر کی جائے اور ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور ترقیاتی کام مقررہ معیار اور شفاف طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آبپاشی کے منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور فیلڈ میں منصوبوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے۔سابق ڈپٹی سپیکر محمود جان خان نے صوبائی وزیر آبپاشی کو حلقہ پی کے 72 میں آبپاشی کے شعبے سے متعلق عوامی مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا اور جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔
