سیکرٹری صحت فَیّاض علی شاہ کی زیرِ صدارت ایچ پی وی ویکسینیشن سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس

سیکرٹری محکمہ صحت خیبر پختونخوا فَیّاض علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبے میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسینیشن کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں HPV ویکسینیشن کی تیاریوں، جاری سرگرمیوں، فیلڈ لیول انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے اجلاس کو پروگرام کی پیش رفت اور تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سیکرٹری صحت فَیّاض علی شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن سے متعلق تمام انتظامات مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بچاؤ پر مبنی صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ HPV ویکسینیشن کے ذریعے بچیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں ۔سیکرٹری صحت نے والدین، طلبہ اور عوام میں HPV ویکسینیشن کے حوالے سے بھرپور آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا تاکہ غلط فہمیوں کا مؤثر انداز میں ازالہ کیا جا سکے۔انہوں نے ویکسین کی دستیابی، افرادی قوت، لاجسٹکس، آگاہی سرگرمیوں، فیلڈ مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ اطلاعات، PSRA، PPA، UNICEF، WHO اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت فَیّاض علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں حفاظتی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور بچیوں کو قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے.

مزید پڑھیں