
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوسہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے پشاور میں ڈیف اسکول، تنظیمِ لسائلِ والمحروم اور ویمن کرائسس سینٹر (دارالامان) کا دورہ کیا اور خصوصی تعلیم، سماجی بہبود اور خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق فراہم کی جانے والی سہولیات، انتظامات اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس سلسلے میں مشیرِ وزیراعلیٰ نے پشاور کے ڈیف اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گرلز اور بوائز دونوں سیکشنز کا تفصیلی جائزہ لیا اور خصوصی طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات، خوراک اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے سے ادارے کے امورِ کار اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔ مشیرِ وزیراعلیٰ نے ادارے میں اساتذہ کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی کمی جلد پوری کی جائے گی تاکہ خصوصی طلبہ کو معیاری تعلیم اور بہتر تربیتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے اسکول کے ہاسٹل کا بھی دورہ کیا اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی رہائشی سہولیات، خوراک اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سہولیات میں مزید بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ دورے کے دوران مشیرِ وزیراعلیٰ نے شجرکاری مہم کے تحت اسکول میں پودا بھی لگایا۔
بعد ازاں تنظیمِ لسائلِ والمحروم کی جانب سے مشیرِ وزیراعلیٰ ملک لیاقت علی خان کو تنظیم کی مختلف فلاحی و سماجی سرگرمیوں اور منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں تنظیم کے ورکنگ سیکٹر، صحت، تعلیم اور سماجی بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری اعظم خان، محکمہ سماجی بہبود کے افسران اور تنظیم کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ تعلیم کے شعبے میں مستحق بچوں کے داخلوں، تعلیمی اخراجات اور مالی معاونت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ مشیرِ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستحق طلبہ کو تعلیم کے حصول میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، تاہم معاونت کی فراہمی میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معاونت کے لیے پیش کیے جانے والے کیسز کی مکمل تصدیق کی جائے تاکہ سہولیات حقیقی مستحقین تک پہنچائی جا سکیں۔ بریفنگ کے دوران صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تنظیم کی خدمات کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں مشیرِ وزیراعلیٰ نے حیات آباد پشاور میں قائم ویمن کرائسس سینٹر (دارالامان) کا دورہ کیا، جہاں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر پشاور شعیب خان، ویمن کرائسس سینٹر کی منیجر اور عملے نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں مرکز کے امورِ کار، داخلے کے معیار، مقیم خواتین کو فراہم کی جانے والی خدمات، دستیاب سہولیات، اہم مسائل و مشکلات اور ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیرِ وزیراعلیٰ نے دارالامان کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات، اسٹاف کی دستیابی، رہائشی سہولیات، خوراک، صفائی ستھرائی، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے انہیں سکیورٹی، اسٹاف، انتظامی امور، رہائشی سہولیات اور دیگر درپیش مسائل و ضروریات سے آگاہ کیا، جنہیں مشیرِ وزیراعلیٰ نے غور سے سنتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
ملک لیاقت علی خان نے دارالامان کے انتظامی بلاک کا بھی دورہ کیا اور مرکز کے عملے سے ملاقات کی، جبکہ مقیم خواتین اور بچوں میں تحائف تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دارالامان میں مقیم خواتین اور بچوں کو محفوظ، باعزت اور بہتر ماحول فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ خواتین کو معیاری خوراک، بہتر رہائشی سہولیات، مناسب سکیورٹی، صاف ستھرا ماحول اور ضروری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ویمن کرائسس سینٹر کو درپیش مسائل کے حل اور اس کی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
