خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے وزیراعلی پنجاب مریم صفدر کے دہشت گردی سے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی جیسے سنگین اور حساس قومی معاملے پر غیر ذمہ دارانہ بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی جیسے حساس قومی معاملے پر سیاست چمکانا مسلم لیگ ن کا پرانا وطیرہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک صوبے یا علاقے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، مریم صفدر کا بیان صوبوں کے درمیان نفرت اور بداعتمادی پیدا کرنے کی کوشش ہے۔شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کیا ہے۔خیبرپختونخوا کی بہادر پولیس اور عوام نے قیام امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دینے والے صوبوں کو ہی خطرہ قرار دینا انتہائی افسوسناک سوچ کی عکاسی کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، مگر مریم صفدر دہشت گردی جیسے حساس مسئلے کو صوبائیت کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جنہوں نے کبھی یونین کونسل کا الیکشن بھی نہیں لڑا، آج وہ دہشت گردی جیسے سنگین قومی معاملے پر قوم کو بھاشن دے رہی ہیں۔ مریم صفدر دہشت گردی پر پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے دہشت گردی کے خلاف دیگر صوبوں کی قربانیوں کا اعتراف کریں،شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں پر انگلی اٹھانے والی مریم صفدر سجن جندال کے ملک کے خلاف بات کرنے سے کیوں کتراتی ہیں؟ وزیر اطلاعات شفیع جان نے مطالبہ کیا کہ مریم صفدر اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان پر عوام سے معافی مانگیں۔
