قومی دنوں کو شجرکاری کے ذریعے منانا بانی پی ٹی آئی عمران خان کے گرین پاکستان وژن کا عملی ثبوت ہے

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے گزشتہ روز تمام پاکستانیوں کو یوم دفاع کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی دنوں کو شجرکاری کے ذریعے منانا عمران خان کے گرین پاکستان وژن کا عملی ثبوت ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ 23 مارچ 2026 کو خیبرپختونخوا میں ایک دن میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے، جبکہ 14 اگست کو 14 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جسے صوبے نے 18 لاکھ پودے لگا کر عبور کیا۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو خیبرپختونخوا میں 10 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے، جبکہ 23 مارچ 2027 کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 23 لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا اس سے خوبصورت اظہار نہیں ہوسکتا کہ قومی دن پر درخت لگائے جائیں۔ بلین ٹری سونامی کا سنگ بنیاد عمران خان نے 2014 میں رکھا، جس کے تحت خیبرپختونخوا میں 1.2 ارب درختوں کی سیڈنگ کی گئی۔

مزمل اسلم کے مطابق آٹھ سالوں میں خیبرپختونخوا کا ٹری کور 6.3 فیصد بڑھ کر 26.6 فیصد ہوگیا، جبکہ بلین ٹری سونامی نے آٹھ سال میں 9 لاکھ 50 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم بن کر بلین ٹری پروگرام کو پورے پاکستان تک وسعت دی، جبکہ 10 بلین ٹری پلس پروگرام وفاقی عدم تعاون کے باوجود خیبرپختونخوا میں 76 فیصد ہدف حاصل کرچکا ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے 10 بلین ٹری پلس کی کارکردگی کا اسپارکو سے باقاعدہ سروے بھی کرایا، جبکہ سندھ اور پنجاب میں اس نوعیت کا سروے آج تک نہیں ہوا، فرق واضح ہے۔ ان کے مطابق بلین ٹری پلس سے خیبرپختونخوا کے ٹری کور میں مزید 1.25 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ بلین ٹری پلس کے تحت 5 لاکھ 93 ہزار ہیکٹر رقبے پر درختوں میں اضافہ ہوا اور 10 بلین ٹری پلس کے تحت 3 لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبے پر شجرکاری کی گئی۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے کل جنگلات کا تقریباً 45 فیصد حصہ خیبرپختونخوا میں ہے، تاہم پاکستان کا مجموعی جنگلاتی رقبہ 5 فیصد سے بھی کم ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ جنگلات میں کمی پانی، بارشوں اور زراعت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ 10 بلین ٹری پلس کو عمران خان کا منصوبہ سمجھ کر نظرانداز کرنا ملک سے زیادتی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی میں جنگلات، آبی وسائل اور زراعت پر خاطرخواہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی شجرکاری مہم پاکستان کے بہتر اور سرسبز مستقبل کی ضمانت ہے۔ بلین ٹری منصوبوں کا کریڈیٹ سیکرٹری جنگلات جنید خان، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور وزیر جنگلات پیر مصور کو جاتا ہے۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ بلین ٹری سونامی آج دنیا میں پاکستان کی ماحول دوست پالیسی کی پہچان بن چکا ہے

مزید پڑھیں