خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے6 ستمبر، یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ اہم دن ہے جو قوم کے اتحاد، عزم، حوصلے اور جرات کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر مادر وطن کا دفاع کیا۔ ہمارے شہدا اور غازیوں نے وطن عزیز کی خاطر عظیم قربانیاں دیں، جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔شفیع جان نے کہا کہ وطن پر جان قربان کرنے والے شہدا کو پوری قوم سلام اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ شہدا کی عظیم قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا جذبہ ہر شہری کے دل میں ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ دفاع وطن کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں۔ پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔شفیع جان نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کا احترام اور ان کی فلاح و بہبود حکومت سمیت پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے
