صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان کا کڑاکڑ ٹنل بونیر کا دورہ، ترقیاتی کام کا جائزہ

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے کڑاکڑ ٹنل بونیر کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کام، تعمیراتی سرگرمیوں اور پیش رفت کا موقع پر جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر کامران خان، سابق ناظم تحصیل گدیزی سالارزئی شیر عالم خان، مقامی مشران اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر کو کڑاکڑ ٹنل منصوبے پر جاری کام، اب تک کی پیش رفت اور مختلف حصوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کڑاکڑ ٹنل ایک اہم عوامی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے بونیر اور سوات کے درمیان سفر مزید آسان، محفوظ اور مختصر ہوگا، جبکہ مسافروں کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں.
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے اور ترقیاتی کام مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر مقامی مشران نے بھی علاقے کے مختلف مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ ریاض خان نے انہیں یقین دلایا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں