مشیرِ وزیراعلیٰ ملک لیاقت علی خان کا ماڈل انسٹی ٹیوٹ فارسٹیٹ چلڈرن زَمونگ کور پشاور کا دورہ، بچوں سے ملاقات، سہولیات اور مسائل کا جائزہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود و خصوصی تعلیم ملک لیاقت علی خان نے ماڈل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹیٹ چلڈرن زَمونگ کور پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی کارکردگی، بچوں کی تعلیم و تربیت، رہائشی سہولیات اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے آغاز میں مشیرِ وزیراعلیٰ کو ادارے کے مختلف شعبہ جات اور بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ اس موقع پر زَمونگ کور کے ڈائریکٹر عبداللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر نورزالی سمیت متعلقہ حکام موجود تھے۔ حکام نے ادارے کی مجموعی کارکردگی اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری سرگرمیوں سے مشیرِ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔بریفنگ کے دوران ادارے کو درپیش مختلف انتظامی اور دیگر مسائل بھی مشیرِ وزیراعلیٰ کے علم میں لائے گئے۔ ملک لیاقت علی خان نے مسائل کو غور سے سنا اور متعلقہ حکام کو ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں مشیرِ وزیراعلیٰ نے زَمونگ کور کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی رہائش، خوراک، تعلیم، صحت، فنی تربیت اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میس، کچن، ہاسٹل، تعلیمی و فنی تربیتی مراکز اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔ملک لیاقت علی خان نے زَمونگ کور میں زیرِ نگہداشت بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں سے گھل مل کر ان سے گفتگو کی، ان کی تعلیم، دلچسپیوں اور روزمرہ معمولات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل بھی سنے۔مشیرِ وزیراعلیٰ نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ زَمونگ کور میں زیرِ نگہداشت بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں بہترین تعلیم، تربیت، تحفظ اور محبت فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومت ایسے بچوں کے بہتر مستقبل اور انہیں معاشرے کا باوقار اور خودمختار شہری بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے ادارے کی انتظامیہ پر زور دیا کہ بچوں کی نگہداشت اور سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارتوں اور مثبت سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ وہ مستقبل میں اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

مزید پڑھیں