مشیرِ وزیراعلیٰ ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت سماجی بہبود کے ADP منصوبوں کا جائزہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت محکمہ سماجی بہبود کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2026-27 کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین، ڈائریکٹر سماجی بہبود ارشد ایوب، ضم شدہ اضلاع، ایڈیشنل سیکرٹری زکوٰۃ حبیب اللہ، ایس پی او مس سعدیہ، ڈپٹی سیکرٹری زکوٰۃ مبشر خان، پلاننگ آفیسر خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ضم شدہ اضلاع عبیدالرحمٰن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضم شدہ اضلاع ابرار احمد اور پارلیمانی سیکرٹری اعظم خان بھی موجود تھے۔اجلاس میں محکمہ سماجی بہبود کے تحت جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سماجی بہبود، خصوصی تعلیم، بچوں کے تحفظ، خواتین کی فلاح و بہبود، منشیات کے عادی افراد کی بحالی، پناہ گاہوں اور خصوصی افراد کے لیے سہولیات کی بہتری سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں زمونگ کور کے نئے کیمپسز کے قیام، موجودہ سہولیات کی بہتری اور ادارے کو مزید مؤثر بنانے، خصوصی بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی اداروں اور آٹزم سینٹرز کے قیام و اپ گریڈیشن، بصارت و سماعت سے محروم بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور خصوصی تعلیم کے اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اسی طرح دارالامان، پناہ گاہوں، چائلڈ پروٹیکشن یونٹس، منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی مراکز، بائیونک ڈیوائسز کی فراہمی، بزرگ شہریوں کے لیے ہاسپِس کیئر، خواتین کے لیے بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز اور دیگر سماجی بہبود کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔مشیرِ وزیراعلیٰ ملک لیاقت علی خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ADP کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، جبکہ نئے منصوبوں کے PC-1 سمیت تمام ضروری امور بھی مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد حاصل ہو سکیں۔انہوں نے خصوصی افراد، خصوصی بچوں، خواتین، یتیم بچوں، بے سہارا افراد اور معاشرے کے دیگر مستحق طبقات کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ محکمہ سماجی بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کا مقصد محض انفراسٹرکچر کی تعمیر نہیں، بلکہ مستحق افراد کو بہتر سہولیات، معیاری تعلیم، مؤثر بحالی، تحفظ اور باعزت خودکفالت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔مشیرِ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سماجی بہبود کے شعبے میں ایسے منصوبوں کو فروغ دے رہی ہے جو کمزور اور محروم طبقات کو مؤثر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی و سماجی طور پر بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں