چکن گونیا کی صورتحال قابو میں ہے، تمام متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں: صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان

صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخوا خلیق الرحمان نے فلپائن کے سرکاری دورے سے وطن واپسی پر فوری طور پر اپنے حلقہ پی کے 87 نوشہرہ کے علاقے کاکا صاحب کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے چکن گونیا سے متاثرہ علاقے زیارت کاکا صاحب میں ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وبائی صورتحال، متاثرہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور بیماری کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ زیارت کاکا صاحب میں چکن گونیا کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور محکمہ صحت کی تمام متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون سیزن کے دوران ہونے والی شدید بارشوں کے باعث بعض علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے ایسا ماحول پیدا ہوتا ہے جو مچھروں کے لاروا کی افزائش اور مچھروں کی تعداد میں اضافے کے لیے سازگار ہوتا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ مچھروں سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔صوبائی وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ مچھر دانی کا استعمال کریں، گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور صفائی کا خصوصی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال یا صحت مرکز سے رجوع کیا جائے۔خلیق الرحمان نے واضح کیا کہ *متاثرہ علاقے میں تمام ضروری ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور مریضوں کو علاج کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔* انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ صورتحال محکمہ صحت کے مکمل کنٹرول میں ہے، اس لیے عوام کو گھبرانے یا خوف و ہراس کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ *اب تک چکن گونیا کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، تاہم بڑی تعداد میں شہری اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔* حکومت متاثرہ افراد کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اور بیماری کے مزید پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ فلپائن کے سرکاری دورے پر تھے، تاہم بیرون ملک ہونے کے باوجود صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو پہلے ہی ہدایات جاری کر رکھی تھیں کہ متاثرہ علاقے میں سخت نگرانی رکھی جائے، بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور عوام کو ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں سرویلنس، مچھر کنٹرول، صفائی ستھرائی اور عوامی آگاہی کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کارلائے جائیں۔خلیق الرحمان نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ چکن گونیا سمیت مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں دن رات فیلڈ میں موجود ہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، مچھروں سے بچاؤ کے اقدامات اختیار کریں اور کسی بھی افواہ یا غیر ضروری خوف کا شکار نہ ہوں۔ حکومت اور محکمہ صحت صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور عوام کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں