ورکرز ویلفیئر بورڈ ہر سال پانچ مزدوروں کے بچوں کو غیر ملکی سکالرشپ فراہم کرتا ہے، طلبہ کو دنیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے

صوبائی وزیر برائے محنت فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا مزدوروں اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود، معیاری تعلیم اور روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت مزدوروں کے بچوں کو غیر ملکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ ہر سال پانچ مستحق مزدوروں کے بچوں کو فارن اسکالرشپ فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے انہیں دنیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ یہ اسکالرشپ نہ صرف طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ ہے بلکہ مزدور خاندانوں کے بچوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتی ہے۔صوبائی وزیر نے انگلینڈ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ورکرز ویلفیئر بورڈ اسکالرشپ پر منتخب ہونے والے 5 طلبہ اور ان کے والدین سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف طلبہ بلکہ ان کے والدین اور پورے مزدور طبقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک تعلیم کے دوران محنت، نظم و ضبط اور اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے ملک اور صوبے کا نام روشن کریں۔فیصل خان ترکئی نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کا مقصد مزدوروں کے بچوں کو صرف مالی معاونت فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں ایسے تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی مزدور کے بچے کا دنیا کی معروف یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنا اس امر کا ثبوت ہے کہ صلاحیت اور ٹیلنٹ کسی مخصوص طبقے تک محدود نہیں۔انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ مزدوروں کے بچوں کے لیے تعلیمی وظائف، اسکولوں، کالجز اور دیگر فلاحی منصوبوں کے ذریعے ان کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ غیر ملکی اسکالرشپ پروگرام اس وژن کا اہم حصہ ہے، جس کے تحت باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم تک رسائی فراہم کی جاتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ انگلینڈ سمیت دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں خیبر پختونخوا کے مزدوروں کے بچوں کی موجودگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے والدین کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کامیابی میں والدین کی قربانیاں، محنت اور حوصلہ افزائی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔اس موقع پر اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین نے صوبائی وزیر برائے محنت فیصل خان ترکئی کا شکریہ ادا کیا اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعلیمی مواقع کو سراہا۔ طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بیرون ملک تعلیم کے دوران بھرپور محنت کریں گے اور اپنی کامیابیوں کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔بعد ازاں صوبائی وزیر برائے محنت فیصل خان ترکئی کے ہمراہ انگلینڈ جانے والے اسکالرشپ ہولڈرز اور ان کے والدین کی گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔حکومت خیبر پختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود، خصوصاً ان کے بچوں کو معیاری اور عالمی سطح کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں