
وزیر اعلیٰ کے مشیر ملک لیاقت نے ملاکنڈ میں خصوصی افراد کے سکولوں کیلئے دو عدد گاڑیاں حوالے کیں۔ رواں ماہ ملاکنڈ میں چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ایک بزرگ شہری کو علا ج کیلئے فوری طورپر 50ہزار روپے نقد ادا کردئیے۔
ضلع ملاکنڈ کے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفس میں خصوصی افراد کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود،عشر وزکواۃ اور ترقی خواتین، ملک لیاقت علی خان کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد ہوا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود عمر رحمن، ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ محمد فیاض خان شیرپاؤ، ضلعی آفیسر محکمہ سماجی بہبود صابر خان سمیت خصوصی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہری میں خصوصی افراد،بزرگ شہریوں، نابینا افراد، بیوہ خواتین اور یتیموں نے اپنے مسائل بیان کئے جن میں محکمہ سماجی بہبود اور محکمہ زکواۃ سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی جبکہ بعض افراد نے مختلف بیماریوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ سرکاری نوکریوں میں خصوصی افراد کے 2فیصد کوٹے پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ کے مشیر ملک لیاقت خان نے تمام مسائل غور سے سنے اور ان میں سے بعض پر فوری حل کے احکامات جاری کردئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک لیاقت خان نے کہا کہ میں خصوصی افراد کا وکیل ہوں اور خصوصی افراد کی بحالی اور ان کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حکم پر تمام اضلاع کے دورے کر رہا ہوں تاکہ عوام کے مسائل سن کر فوری حل کر سکوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے احکامات جاری کئے ہیں کہ وزراء اپنے دفتروں میں نہیں بیٹھیں گے بلکہ اضلاع کے دورے کرکے عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر سنیں گے۔ انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع سے ڈیٹا مانگا ہے تاکہ ہمیں پتہ چلے کہ صوبے میں خصوصی افراد، یتیم اور بیوہ خواتین کی تعداد کتنی ہے تاکہ ان کے مستقبل سنوارنے کیلئے پائیدار اقدامات کئے جاسکیں۔ انھوں نے کھلی کچہری کے دوران جہیز فنڈ، علاج معالجے، وہیل چیئر اور سلائی مشینوں کے حوالے سے پیش کئے گئے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ وہیل چیئر اور سلائی مشینیں فوری طورپر فراہم کردی جائیں گی جبکہ جہیز فنڈ اور بیماریوں کے علاج کیلئے فنڈز مانگنے والے افراد فوری طورپر محکمہ زکواۃ کیساتھ درخواستیں جمع کریں تاکہ ان پر کاروائی ہوسکے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ امید کارڈ، سہارا کارڈ اور خوشحال کارڈ کی تعداد میں اضافہ کرینگے اور اس کی رقم بھی بڑھائیں گے۔ اس کے علاوہ خصوصی افراد کو مختلف ہنر سکھائیں گے اور خاص طورپر قالین بافی کی تربیت دینگے تاکہ وہ خود کفیل ہوسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی افراد کے 2فیصد کوٹے پر ہر صورت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی افراد کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے 700ملین روپے اخوت فاؤنڈیشن کو دئیے گئے ہیں جبکہ انہیں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کیلئے 500ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ضلع ملاکنڈ میں چائلڈ پروٹیکشن سنٹر رواں ماہ قائم کیا جائیگا۔ اس موقع پر ملک لیاقت خان نے خصوصی افراد کے سکولوں کے لئے 2گاڑیوں کی چابیاں بھی محکمہ سماجی بہبود ملاکنڈ کو حوالے کیں۔
