وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان کی زیر صدارت بدھ کے روز محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذیلی و ملحقہ شعبوں کی مجوزہ ریسٹرکچرنگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ محمد ذبیر، سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نوید اکبر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ سمیت محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذیلی و ملحقہ شعبوں، جن میں ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ، پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (PTA) اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (RTAs) شامل ہیں، کے مختلف ڈھانچوں کو پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے آرگنائزیشنل سٹرکچر کے تحت ایک مربوط نظام میں شامل کرنے کے لیے تیار کیے گئے مجوزہ ریسٹرکچرنگ ماڈل کے ابتدائی خاکے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ ماڈل کا بنیادی مقصد محکمہ ٹرانسپورٹ کے مختلف ونگز کے تحت انجام دیے جانے والے پیشہ ورانہ امور اور عوامی خدمات کو ایک مربوط نظام کے ذریعے مزید مؤثر اور آسان بنانا ہے، جس سے محکمہ کی استعدادِ کار میں اضافہ ہوگا اور سروس ڈیلیوری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے مجوزہ ماڈل کے نفاذ سے ٹرانسپورٹ شعبے کے پیشہ ورانہ امور میں یکسوئی آئے گی، ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بہتری، کام کی رفتار میں اضافہ اور عملداری کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔مجوزہ ریسٹرکچرنگ کے تحت محکمہ کے ضلعی سطح پر فنکشنز کو بھی مضبوط کیا جائے گا، جس سے عوام کو ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کے حل اور ضروری خدمات کے حصول کے لیے ایک ہی پلیٹ فارم دستیاب ہوگا۔اجلاس میں معاون خصوصی سمیع اللہ خان نے مجوزہ ریسٹرکچرنگ ماڈل کو محکمہ ٹرانسپورٹ کی پیشہ ورانہ ترقی اور شعبے کی جدید خطوط پر استواری کے لیے اہم قرار دیا اور اس میں مزید بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ ماڈل کے ابتدائی خاکے پر مزید کام مکمل کیا جائے اور تمام ضروری پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد اسے متعلقہ فورمز سے منظوری کے لیے پیش کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں