ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن ایکٹ میں ترامیم اور کمیشن کی فعالیت کے حوالے سے اجلاس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (KPCSW) ایکٹ میں مجوزہ ترامیم، کمیشن کی فعالیت اور اسے مزید مؤثر و مضبوط بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین، چیئرپرسن خیبرپختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن ڈاکٹر سمیرا شمس سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس نے کمیشن کے ایکٹ میں مجوزہ ترامیم، امورِ کار اور اسے مزید بااختیار و مؤثر بنانے کے حوالے سے مشیرِ وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے، ادارہ جاتی استعداد بڑھانے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کو درپیش مسائل کے فوری حل، شکایات کے ازالے اور کمیشن کے دائرہ کار کو ضلعی سطح تک مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں کمیشن کی جانب سے آگاہی مہمات، قانونی معاونت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط روابط کو مزید مستحکم کرنے پر بھی غور کیا گیا، تاکہ خواتین کو بروقت انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مشیرِ وزیراعلیٰ نے کمیشن کی فعالیت اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ادارہ جاتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مجوزہ ترامیم کو جلد حتمی شکل دے کر کمیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور خواتین کے لیے مزید مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں