منشیات کے تدارک اور ڈرگ فری اقدامات کے حوالے سے ملک لیاقت علی خان کو بریفنگ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان کو صوبے میں منشیات کے تدارک، بحالی مراکز کی کارکردگی اور ڈرگ فری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری سماجی بہبود شریف حسین اور ڈائریکٹر سماجی بہبود محمد صالح نے بریفنگ میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی، بحالی مراکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات، جاری اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔بریفنگ کے دوران منشیات کے استعمال کی روک تھام، نوجوانوں کو محفوظ رکھنے، متاثرہ افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ منشیات کا تدارک ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط اقدامات ضروری ہیں۔ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا اور متاثرہ افراد کی بحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بحالی مراکز میں علاج کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کو فنی تربیت اور مختلف ہنر بھی فراہم کیے جائیں تاکہ وہ باعزت طریقے سے دوبارہ معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔ملک لیاقت علی خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منشیات کے تدارک اور بحالی کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، بحالی مراکز کی سہولیات بہتر کی جائیں اور ڈرگ فری معاشرے کے قیام کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

مزید پڑھیں