محکمہ بہبودِ آبادی کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جائے تا کہ یہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے،محکمہ میں مانیٹرنگ کا مؤثر اور فعال نظام یقینی بنایا جائے: طفیل انجم

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے بہبودِ آبادی طفیل انجم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ محکمے کو دورِ حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اس کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جائے، مؤثر مانیٹرنگ سسٹم فعال بنایا جائے اور صوبے کے تمام اضلاع میں ملازمین کی روزمرہ حاضری یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز پشاور میں محکمہ بہبودِ آبادی کے تمام ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر افسران کی ماہانہ کارکردگی کے جائزے سے متعلق منعقدہ آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن نوشیروان، ڈائریکٹر پلاننگ سید عرفان شاہ، ڈائریکٹر ایڈمن سلیمان سلیمان، ڈائریکٹر ٹیکنیکل فرینہ باسط اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری سرگرمیوں، محکمہ کی کارکردگی اور مقررہ اہداف کے حصول کے حوالے سے معاونِ خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر معاونِ خصوصی نے کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے لیے محکمے کے انتظامی و دفتری امور میں جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے تاکہ فیلڈ میں جاری سرگرمیوں اور ملازمین کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنے فرائض ذمہ داری اور جانفشانی سے انجام دیتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔طفیل انجم نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے محکمہ بہبودِ آبادی کے لیے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے نیز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ مسلسل ناقص یا مایوس کن کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف محکمانہ سطح پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔معاونِ خصوصی نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کو محکمہ بہبودِ آبادی کی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے، فیلڈ سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور مقررہ اہداف کے بروقت حصول کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

مزید پڑھیں