معیاری خوراک صحت اور بہتر نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہے۔ متعلقہ ادارے غذائیت سے متعلق آگاہی اور معیاری خوراک کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، ڈاکٹر محمد بختیار خان

سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا ہے کہ معیاری خوراک اور بہتر غذائیت انسانی صحت، خصوصاً بچوں کی نشوونما اور صحت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو غذائیت کے فروغ اور عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے خاص طور پر زرعی یونیورسٹی پشاور پر زور دیا کہ وہ تحقیق، تعلیم اور آگاہی کے ذریعے عوام کو متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی اہمیت سے روشناس کرائے۔وہ زرعی یونیورسٹی پشاور میں گلوبل الائنس فار ایمپرووڈ نیوٹریشن (GAIN)، انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ (IFAD) اور خیبرپختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے زیر اہتمام نئے پراجیکٹ“Mainstreaming Nutrition: Improving the Impact of IFAD Investments on the Nutritional Quality of Diets”کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان بھی موجود تھے۔سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا کہ غذائیت کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے زراعت، صحت، تعلیم اور دیگر متعلقہ شعبوں کے اداروں کے درمیان مربوط تعاون ضروری ہے۔خیبرپختونخوا حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں زرعی کاروبار شروع کرنے کے لیے ایگریکلچر گریجویٹس کو قرضوں کی فراہمی بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں معیاری بیج کی پیداوار اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بھی حکومت ایک نئے منصوبے کا آغاز کر رہی ہے، جس سے زرعی پیداوار کے معیار اور پیداواریت میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ GAIN، IFAD اور خیبرپختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے درمیان اس اہم شراکت داری کا آغاز زرعی اور دیہی ترقی کے لیے خوش آئند اقدام ہے۔ زلزلوں اور مسلسل آنے والے سیلابوں نے خیبرپختونخوا میں دیہی معاش، زرعی زمینوں اور مقامی غذائی نظام کو بارہا متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں خصوصاً خواتین اور بچوں کی غذائی و صحت کی بہبود متاثر ہوئی۔ ایسے حالات میں زرعی اور دیہی ترقی کے منصوبوں میں غذائیت کو مرکزی حیثیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب سے GAIN کی کنٹری ڈائریکٹر فرح ناز سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور منصوبے کے اغراض و مقاصد، غذائیت کی بہتری اور زرعی سرمایہ کاری کے اثرات کو مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان اور GAIN کی کنٹری ڈائریکٹر محترمہ فرح ناز نے سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان کو شیلڈ پیش کی۔

مزید پڑھیں