محکمہ بہبودِ آبادی کے نظام کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کیا جائے، فیلڈ سٹاف کی حاضری اور فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی نظام وضع کیا جائے: طفیل انجم

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے بہبودِ آبادی طفیل انجم کی زیر صدارت محکمہ بہبودِ آبادی میں ڈیجیٹلائزیشن اور مانیٹرنگ سسٹم سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری بہبودِ آبادی، ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر پی ایم ای، ڈیموگرافر اور ریسرچ و آئی ٹی ٹیم کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ریسرچ و آئی ٹی ٹیم کی جانب سے محکمہ بہبودِ آبادی میں جاری ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں محکمہ کے مختلف شعبوں میں پہلے سے موجود ڈیجیٹل نظام اور جاری اقدامات کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ کی تقریباً 90 فیصد سرگرمیوں اور دفتری امور کو ڈیجیٹلائز کیا جا چکا ہے۔اجلاس میں محکمہ کے فیلڈ آپریشنز اور فیلڈ سٹاف کی مؤثر نگرانی بالخصوص سروس ڈیلیوری پوائنٹس (SDPs) پر عملے کی موجودگی اور حاضری کو یقینی بنانے کے امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر معاونِ خصوصی طفیل انجم نے کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی حاضری اور فیلڈ میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے قابلِ اعتماد، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی مانیٹرنگ میکنزم ناگزیر ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ سٹاف کی حاضری اور فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے مناسب موبائل بیسڈ اٹینڈنس اور فیلڈ مانیٹرنگ ایپلی کیشن تیار کرنے یا موجودہ موزوں نظام کو اپنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے، تاکہ فیلڈ اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران موبائل کے ذریعے اپنی حاضری درج کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ نظام کے ذریعے متعلقہ افسران کو فیلڈ سٹاف کی حاضری اور سرگرمیوں سے متعلق معلومات بروقت دستیاب ہوں گی، جس سے ریئل ٹائم مانیٹرنگ، تصدیق اور نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جا سکے گا۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کو شفاف، قابلِ اعتماد اور عملی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ محکمہ کی فیلڈ سرگرمیوں میں مزید بہتری لائی جا سکے اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مؤثر بنایا جائے۔

مزید پڑھیں