
خیبرپختونخوا کے اضلاع میں مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں اور افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تعاون سے شروع کیا گیا منصوبہ مکمل ہوگیا، جس کے تحت تمام 19 تحصیل لوکل گورنمنٹس نے چار سالہ درمیانی مدت کے ترقیاتی منصوبے (MTDPs) تیار کرکے منظور کرلیے۔لوکل گورنمنٹ، الیکشنز اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (LGE&RDD) اور جائیکا کے اشتراک سے منصوبے کے اختتامی سیمینار کا انعقاد پشاور کے ایک ہوٹل میں ہوا۔ سیمینار میں تحصیل، ضلعی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔منصوبے کا مقصد ضم شدہ اضلاع میں مقامی حکومتوں کی استعداد کار بہتر بنانا، مقامی سطح پر ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی اور عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبہ بندی کو فروغ دینا تھا۔لوکل گورننس اسکول کے ذریعے 808 منتخب کونسل ممبران اور مقامی حکومتی افسران کو تربیت دی گئی، جن میں 163 خواتین بھی شامل تھیں۔ مزید 763 منتخب نمائندوں اور افسران کو تحصیل پروفائلنگ اور درمیانی مدت کی ترقیاتی منصوبہ بندی کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔منصوبے کے دوران تمام 19 تحصیل کونسلیں فعال ہوئیں، باقاعدہ اجلاس منعقد کیے گئے اور قانونی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔مقامی سطح پر ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی کے لیے 2500 سے زائد کمیونٹی مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے، جن میں 18500 سے زائد ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی کی گئی۔ ان مشاورت کی بنیاد پر تمام 19 تحصیل لوکل گورنمنٹس نے چار سالہ ترقیاتی منصوبے تیار کیے، جنہیں متعلقہ تحصیل کونسلوں نے منظور کیا۔تحصیل کونسلوں نے منصوبے کے تحت 49 چھوٹے پیمانے کے ترقیاتی اقدامات بھی مکمل کیے، جن میں ہنر مندی کی تربیت، کھیلوں کی سرگرمیاں اور آگاہی مہمات شامل تھیں۔ ان اقدامات سے 10725 افراد مستفید ہوئے، جن میں 2325 خواتین شامل ہیں۔وزیر برائے لوکل گورنمنٹ مینا خان آفریدی نے اختتامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے ذریعے ضم شدہ اضلاع کے عوام کو پہلی مرتبہ اپنی ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی اور منصوبہ بندی کے عمل میں براہ راست شامل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 25ویں آئینی ترمیم کے بعد ضم شدہ اضلاع میں باقاعدہ مقامی حکومت کا نظام قائم ہوا، جبکہ اس سے قبل ضرورتوں کی نشاندہی میں مقامی آبادی کی باضابطہ مشاورت کا نظام موجود نہیں تھا۔مینا خان آفریدی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تحصیلوں کے تیار کردہ درمیانی مدت کے ترقیاتی منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگراموں (ADPs) میں شامل کیا جائے۔انہوں نے منصوبے میں تعاون پر جائیکا، محکمہ لوکل گورنمنٹ، لوکل گورننس اسکول، لوکل کونسل بورڈ، تحصیل لوکل گورنمنٹس اور ضلعی و تحصیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور گورننس، دیہی ترقی، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں جائیکا کے مزید تکنیکی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
