مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا رہی ہیں۔مزمل اسلم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تو کہنے کو موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی سے کم گاڑی والوں کو سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کی پیٹرول سبسڈی کا آئیڈیا اپنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پیٹرول سبسڈی پر صرف 75 ارب روپے خرچ ہوں گے، جبکہ وفاقی حکومت کا رواں سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کا ہدف 1700 ارب روپے ہے۔مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت پچھلے تین سالوں میں 3 ہزار ارب روپے کی سبسڈی غریب عوام سے حاصل کر چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم لیوی کو وقتی طور پر کم کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔مزمل اسلم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں پیٹرولیم لیوی صرف 20 روپے تھی، جبکہ پی ڈی ایم حکومت نے پیٹرولیم لیوی 80 روپے فی لیٹر کردی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے اوپر کلائمٹ لیوی بھی عائد کردی ہے۔ پیٹرولیم لیوی کم کرنے میں آئی ایم ایف کی شرائط نہیں بلکہ حکومت کی اپنی کمزوریاں ہیں۔
