
سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھند اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے زہریلے دھوئیں کے تدارک کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ اسٹیشن (ویٹس) پشاور کی جانب سے گاڑیوں کی جانچ کے ساتھ ساتھ شہریوں اور گاڑی مالکان میں ماحولیاتی آلودگی کے نقصانات اور گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ویٹس پشاورکی ستمبر کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مہینے میں مجموعی طور پر 10 ہزار 489 گاڑیوں کی جانچ کی گئی، جن میں سے 8 ہزار 449 گاڑیاں مقررہ فٹنس اور ایمیشن ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائیں، جبکہ 2 ہزار 50 گاڑیاں مطلوبہ ماحولیاتی و فنی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث ناکام قرار دی گئیں اور ان کے خلاف چالان کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہریوں اور گاڑی مالکان پر زور دیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور صاف و محفوظ ماحول کے قیام کے لیے محکمہ کے ساتھ تعاون کریں، گاڑیوں کو مقررہ ماحولیاتی و فنی معیار کے مطابق رکھیں اور غیر ضروری دھوئیں کے اخراج کی صورت میں فوری طور پر گاڑی کی مرمت اور فٹنس ٹیسٹ یقینی بنائیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ سٹیشن کے ذریعے گاڑیوں کی جانچ کا عمل مزید مؤثر بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
