خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت اقدامات کا جائزہ

خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ثمرات سے مؤثر انداز میں مستفید کرانے اور ان کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے پشاور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر فخر عالم عرفان نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں متعلقہ صوبائی و وفاقی محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام حکومت پاکستان کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی، ہنر و تربیت، جدید ٹیکنولوجی و آلات تک رسائی اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور محکمہ امور نوجوانان خیبر پختونخوا باہمی اشتراک اور مربوط حکمت عملی کے تحت صوبے کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں دیگر متعلقہ محکمے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے، انہیں خود کفیل بنانے اور ان کی توانائیوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور صوبائی محکموں کے باہمی تعاون سے نوجوانوں کو ہنر، تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جن سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں