گورنر خیبرپختونخوا کی ہدایات پر صوبے میں غیر معیاری خوراک کے کاروباروں کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مذبح خانوں، فروٹ و سبزی منڈیوں، دکانوں، کباب شاپس، گوشت کی دکانوں اور فش ہوٹلز کا معائنہ کیا۔فوڈ اتھارٹی کے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، بنوں، چارسدہ، مردان، ملاکنڈ، لوئر دیر، کرک، سوات، ڈیرہ اسماعیل خان اور خیبر میں جاری کارروائیوں کے دوران خوراک کے کاروباروں میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد اور دیگر ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔تفصیلات میں بتایا گیا کہ مذبح خانوں کے معائنے کے دوران صفائی کے انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ متعلقہ عملے کو اسکریننگ ٹیسٹ کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ مذبح خانوں کی انتظامیہ کو ضروری اصلاحات اور بہتری کے لیے نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ خوراک کے کاروباروں میں قوانین اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے اور غیر معیاری خوراک کی فراہمی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے صوبہ بھر میں نگرانی اور معائنوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
