صحت مند معاشرے کی تشکیل میں پختونخوا ریڈیو کا کلیدی کردار

موجودہ دور میں بھی ریڈیو کی افادیت اپنی جگہ مسلم ہے، اور پختونخوا ریڈیو نے ایک بار پھر اس بات کو ثابت کر دکھایا ہے۔ آج پختونخوا ریڈیو نے پشاور، کوہاٹ، کرم اور رزمک کے اسٹوڈیوز سے بیک وقت ایک شاندار اور جامع لائیو آگاہی پروگرام نشر کیا، جس کا مقصد خواتین میں بریسٹ اور سروائیکل کینسر جیسی موذی بیماریوں سے متعلق آگاہی پھیلانا تھا۔
پروگرام میں معروف کینسر اسپیشلسٹ ڈاکٹر صفورا اور ڈاکٹر لطیف اللہ نے ان امراض کی علامات، احتیاطی تدابیر اور بروقت علاج پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس لائیو نشریات کی سب سے بڑی کامیابی یہ رہی کہ عوام، بالخصوص خواتین و حضرات نے اس میں بھرپور حصہ لیا، فون کالز کے ذریعے سوالات کیے اور اس معلوماتی اقدام کو دل کی گہرائیوں سے سراہا۔
آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی ریڈیو پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے لیے معلومات اور آگاہی کا سب سے مؤثر اور آسان ذریعہ ہے۔ اس طرح کے عوامی فلاحی پروگرام اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریڈیو محض تفریح کا نہیں بلکہ معاشرے میں شعور بیداری کا ایک طاقتور پلیٹ فارم ہے۔
اس شاندار کامیابی کے پیچھے انجینئر محمد اطہر سوری کا وژن اور ان کی بہترین انتظامی صلاحیتیں کارفرما ہیں۔ ان کی پرخلوص قیادت اور تکنیکی مہارت ہی کا نتیجہ ہے کہ پختونخوا ریڈیو کے تمام اسٹیشنز آج اس طرح کے بڑے اور کامیاب مشترکہ پروگرامز کامیابی سے نشر کر رہے ہیں۔ ان کی متحرک رہنمائی میں ادارہ روز افزوں ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں