کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین باچا کی زیرِ صدارت ڈویژنل ہیلتھ اسٹیئرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین باچا کی زیرِ صدارت ڈویژنل ہیلتھ اسٹیئرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ (IMU) کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں صحت کے شعبے کی کارکردگی، بجٹ کی فراہمی اور استعمال، ادویات کی دستیابی، اسٹاک مینجمنٹ اور ہسپتالوں میں طبی آلات کی فعالیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مالی سال 2022-23 سے 2026-27 تک کے دستیاب اعداد و شمار کی روشنی میں صحت کے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 میں صحت کے شعبے کے اخراجات 23.6 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے 30.8 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے تاہم بجٹ کا تقریباً 85 فیصد حصہ تنخواہوں پر خرچ ہونے کے باعث ادویات، بستر، لیبارٹری سامان اور دیگر غیر تنخواہی ضروریات کے لیے محدود وسائل دستیاب ہیں۔اجلاس میں ادویات کی دستیابی اور اسٹاک مینجمنٹ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق ثانوی سطح کے 35 ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی اوسط دستیابی صرف 34 فیصد ہے جبکہ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں ادویات کے لیے جاری کردہ 66 کروڑ 60 لاکھ روپے میں سے صرف 4 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ مزید برآں، متعدد طبی مراکز میں ادویات کے اسٹاک اور تقسیم کے نظام میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور دیگر حکام کے ساتھ فالو اَپ اجلاس منعقد کریں اور ادویات، طبی سامان اور دیگر اخراجات کا ریکارڈ باقاعدہ جانچیں۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی حکام کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران کے ذریعے ہسپتالوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرائی جائے اور بے ضابطگیوں یا کوتاہیوں کی صورت میں مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژن بھر میں صحت کے شعبے کی تمام خریداریوں کا ڈیٹا مرتب کرکے متعلقہ حکام کو فراہم کیا جائے گاجبکہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے افسران ہر ڈویژنل ہیلتھ اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کریں گے اور اپنی فیلڈ وزٹس کے تصویری شواہد روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ واٹس ایپ گروپ میں شیئر کریں گے۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ میں مشینری، خصوصاً آئی سی یو اور ایچ ڈی یو کے آلات کی دستیابی اور فعالیت کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے آئندہ مالی سال 2027-28 کے لیے صحت کے شعبے کا بجٹ تیار کرتے وقت تمام ڈپٹی کمشنرز کو ذاتی نگرانی یقینی بنانے اور متعلقہ ضروریات کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں متعلقہ افسران کو مقررہ مدت کے اندر فیصلوں پر عمل درآمد اور تعمیلی رپورٹس کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کے دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی جبکہ آئندہ ڈویژنل ہیلتھ ریویو اجلاس میں پیش رفت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں