
یونیورسٹی آف ملاکنڈ میں عالمی یومِ پائیداری (ورلڈ سسٹین ایبلٹی ڈے) کے موقع پر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ آگاہی واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سرگرمیاں یونیورسٹی کے بوٹینیکل گارڈن میں منعقد ہوئیں۔اس موقع پر یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور آگاہی واک کی قیادت کی۔ تقریب کے دوران یونیورسٹی کے پہاڑی علاقوں میں قدرتی نباتات کے فروغ کے لیے سیڈ بالز (بیجوں پر مشتمل مٹی کی گولیاں) بکھیرے گئے، جبکہ بوٹینیکل گارڈن میں ماحول کے تحفظ اور پائیداری کے فروغ کے لیے نئے پودے بھی لگائے گئے۔تقریب میں پرو-وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر اعظم خان، ڈائریکٹر بوٹینیکل گارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد نثار، گرین یوتھ موومنٹ (GYM) کے فوکل پرسن محمد ایوب خان، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکائ نے ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس اقدام کے ذریعے قدرتی ماحول کے تحفظ اور پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے سرسبز، صحت مند اور پائیدار مستقبل کی تعمیر میں اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔یہ تقریب گرین یوتھ موومنٹ (GYM) کلب کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جو وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس سرگرمی کا انعقاد یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر (YDC) اور ڈائریکٹوریٹ آف بوٹینیکل گارڈن اینڈ ہربیریم، یونیورسٹی آف ملاکنڈ کے اشتراک سے کیا گیا۔
