گندم کی پیداوار میں اضافے اور زمینداروں کی سہولت کے لئے کھاد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، سیکرٹری زراعت عامر آفاق

سیکرٹری زراعت خیبر پختونخوا عامر آفاق کی زیر صدارت فصلوں کے لئے کھاد کی دستیابی اور فراہمی کے حوالے سے جمعہ کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری زراعت نیاز محمد، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع مرادعلی، ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ ڈاکٹر عبدالرئوف، فرٹیلائزرز کمپنیوں کے نمائندگان اور محکمہ زراعت کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ربیع سیزن کے دوران کاشتکاروں کی ضروریات کے مطابق کھاد کی دستیابی، طلب و رسد کی صورتحال اور گندم اوردیگر فصلوں کے لیے کھاد کی بروقت فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت عامر آفاق نے کہا کہ گندم کی فصل ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات کے تحت کاشت کے اہم سیزن کے دوران کھاد کی مناسب مقدار میں دستیابی اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھاد کی طلب و رسد پر مسلسل نظر رکھی جائے اور اس سلسلے میں کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ کاشتکاروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کاشتکاروں کو بروقت زرعی مواد کی فراہمی اور فصلوں کی بہتر پیداوار کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

مزید پڑھیں