زکوٰۃ مستحقین کی درخواستوں اور سکروٹنی کا عمل مکمل ڈیجیٹل کیا جائے، مولانا طیب قریشی سیاسی وابستگی سے بالاتر زکوٰۃ مستحقین کا انتخاب و ادائیگی یقینی بنائی جائے، مشیر اوقاف مدارس کے طلبائ و طالبات کو زکوٰۃ سکالرشپس کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

مشیر اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے ہدایت کی کہ ہے کہ زکوٰۃ کے مستحقین سے درخواستیں وصول کرنے اور ان کی سکروٹنی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے اور آن لائن درخواستیں وصول کرنے کا مؤثر نظام متعارف کرایا جائے تاکہ مستحق افراد کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پورے عمل میں شفافیت، میرٹ اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔ زکوٰۃ کی تقسیم میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مستحقین کی سکروٹنی کا عمل مزید مؤثر اور قابل اعتماد بنایا جائے جبکہ تمام معاملات میں متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے مستقبل میں محکمے یا عوام کے لیے مشکلات پیدا ہوں۔ انہوں نے یہ ہدایت محکمہ زکوٰۃ و عشر کے منعقدہ اجلاس میں دی جس میں محکمے کی مجموعی اور ضلع وائز کارکردگی، مستحقین کو زکوٰۃ کی ادائیگی، ضلعی و لوکل زکوٰۃ کمیٹیوں کی فعالیت، مختلف فلاحی پروگراموں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر معتصم باللہ شاہ، ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ و عشر مبشر رضا، ضلعی زکوٰۃ افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمے کی ضلع وار کارکردگی، مستحقین کو ادائیگیوں، ای والٹس کے ذریعے رقوم کی منتقلی، ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں اور لوکل زکوٰۃ کمیٹیوں کی فعالیت سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مولانا طیب قریشی نے اجلاس میں مزید کہا کہ محکمہ زکوٰۃ و عشر کا بنیادی مقصد مستحق اور ضرورت مند افراد تک ان کا حق شفاف اور بروقت پہنچانا ہے، اس لیے دفتری امور میں بہتری کے ساتھ عوامی سہولت کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔ زکوٰۃ کے کیسز کو غیر ضروری تاخیر کے بغیر بروقت پراسیس کیا جائے اور مستحقین کو ادائیگیوں کا عمل سیاسی وابستگی یا کسی بھی ذاتی ترجیح سے بالاتر ہو کر صرف میرٹ اور حقیقی ضرورت کی بنیاد پر انجام دیا جائے۔انہوں نے مدارس کے طلبائ و طالبات کو زکوٰۃ کی مد سے فراہم کیے جانے والے اسکالرشپس کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ کے پروگرام میں تمام متعلقہ مدارس کو بلاامتیاز شامل کیا جائے اور طلبائ و طالبات کے تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ادائیگیوں میں غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔اجلاس میں سہارا کارڈ، روشن مستقبل کارڈ اور امید کارڈ سمیت مختلف فلاحی اقدامات، مدارس کے طلبائ و طالبات کے لیے اسکالرشپس، علاج معالجے کی مد میں ادائیگیوں اور دیگر زکوٰۃ پروگراموں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مشیر اوقاف نے ضلعی اور لوکل زکوٰۃ کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے اور ان کی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے نظام کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جائے تاکہ مستحقین کی شکایات کا بروقت ازالہ ہو اور عوام کو محکمے سے متعلق معاملات میں آسانی حاصل ہو۔مولانا طیب قریشی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ زکوٰۃ و عشر میں شفافیت، میرٹ، مالی نظم و ضبط اور مستحقین تک زکوٰۃ کی صاف و شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی اور انتظامی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا

مزید پڑھیں