مشیر اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے امیر تبلیغی جماعت پاکستان حضرت مولانا نذر الرحمن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ، رفقائ اور دینی و تبلیغی حلقوں سے دلی تعزیت کی ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں مولانا طیب قریشی نے کہا کہ حضرت مولانا نذر الرحمن کی وفات دینی و تبلیغی حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دعوت و تبلیغ، اصلاحِ نفس اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی دینی و تبلیغی خدمات تاریخ کا ایک اہم باب ہیں اور ان کی جدوجہد کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مولانا نذر الرحمن کا اخلاص، استقامت اور دین کے لیے مسلسل جدوجہد نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ مرحوم نے اپنی دعوتی و تبلیغی کاوشوں کے ذریعے لاکھوں افراد کو دین کی بنیادی تعلیمات، اصلاحِ نفس اور نیکی کی طرف راغب کیا، جو ان کی عظیم دینی خدمت ہے۔ مولانا طیب قریشی نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جائے گا۔ ان کی دینی خدمات اور تبلیغی جدوجہد ان کے لیے صدقہ جاریہ کا ذریعہ بنیں گی۔ مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حضرت مولانا نذر الرحمن کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مولانا طیب قریشی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا نذر الرحمن کی دینی و تبلیغی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان و رفقائ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
