محکمہ مواصلات و تعمیرات کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، شفافیت اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت، آصف رفیق

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات، بلدیات، زراعت اور ہاؤسنگ آصف رفیق کو پشاور میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حوالے سے منعقدہ فالو اَپ اجلاس میں محکمے کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ثاقب رضا اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت 727 منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 139 منصوبوں کی تکمیل تجویز کی گئی ہے۔ اسی طرح 547 ٹینڈرز کی جانچ پڑتال کے بعد 89 ٹینڈرز منسوخ کیے گئے، جنہیں دوبارہ مشتہر کیا جائے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ غیر قانونی استعمال میں آنے والی 42 سرکاری گاڑیاں واپس لے لی گئی ہیں، سڑکوں کی 650 کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے جبکہ 10,248 اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ بھی کیا گیا ہے۔
اس موقع پر آصف رفیق نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات میں شفافیت، میرٹ اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے اسباب کا تعین کرکے ان کے فوری تدارک کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال، ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے، جبکہ محکمے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے اصلاحاتی اقدامات کو مقررہ اہداف اور ٹائم لائنز کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔
آصف رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے عوامی مفاد کے منصوبوں میں شفافیت، معیار اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں