مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کا گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سیدو شریف کا دورہ

گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سیدو شریف سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کالج کے مختلف شعبوں اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں ملاکنڈ ڈویژن کی اس تاریخی تعلیمی درسگاہ کے تاریخی پس منظر، تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ و عملے کی تفصیلات، ادارے کی کامیابیوں اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔دورے کے موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین، سپیشل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز فضل حسین، ڈائریکٹر اعلیٰ تعلیم فرید اللہ شاہ، رجسٹرار زرعی یونیورسٹی سوات ابرار خان، کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد کمال، فیکلٹی ممبران، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج مینگورہ اور اعلیٰ تعلیم کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔بریفنگ کے دوران کالج کے پرنسپل نے مشیر تعلیم کو ادارے کی تاریخی اہمیت، تعلیمی کارکردگی، زیرِ تعلیم طلبہ، دستیاب افرادی قوت اور مختلف انتظامی و بنیادی نوعیت کے مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر کالج کے سٹاف ہاسٹل کی سہولت ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے زیرِ استعمال ہونے کے باعث کالج کے عملے کو درپیش مشکلات کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔ مشیر تعلیم نے اس مسئلے کے مستقل اور قابلِ عمل حل کے لیے سپیشل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جس میں کالج کے پرنسپل، ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن اور کالج فیکلٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ کالج کے عملے کو سٹاف ہاسٹل کی سہولت کی فراہمی کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔

ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کالج کے مبینہ طور پر بوسیدہ ہاسٹل کی عمارت کی موجودہ ساختی حالت کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کے ذریعے سٹرکچرل اسسمنٹ کرانے کی بھی ہدایت کی تاکہ عمارت کی حفاظت سے متعلق ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور ضرورت کے مطابق حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔کالج کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور بجلی کے اخراجات میں کمی لانے کے حوالے سے مشیر تعلیم نے انتظامیہ کو جامعہ سوات کی طرز پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سولرائزیشن ماڈل اپنانے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار کے ذریعے ادارے میں سولرائزیشن کے لیے براہِ راست مالی وسائل یا اضافی فنڈز مختص کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور توانائی کی ضروریات بھی مؤثر انداز میں پوری کی جا سکیں گی۔
مشیر تعلیم نے شریک تعلیمی اداروں میں انسدادِ ہراسانی پالیسی پر مؤثر عملدرآمد اور اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی پابندی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کو واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، لہٰذا تمام کالجز جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔نوجوان نسل میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ، ادبی ذوق کی آبیاری اور صحت مند سماجی رویوں کے احیائ کے حوالے سے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کالج انتظامیہ کو نئے 100 روزہ پلان میں شامل منصوبے ’’ادبی اڑان‘‘ پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت طلبہ کو اصلاحی مشاعروں، ادبی نشستوں، علمی و ادبی تقریبات اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی جائے۔
مشیر تعلیم نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی مثبت ادبی، تہذیبی اور سماجی روایات سے دوبارہ جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ادبی اور اصلاحی سرگرمیاں نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت، مثبت طرزِ فکر اور تعمیری سماجی کردار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہت سی مثبت روایات وقت کے ساتھ پس منظر میں چلی گئی ہیں، جنہیں دوبارہ زندہ کرنے اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھتے ہوئے تعمیری و اصلاحی سمت کی طرف راغب کرنے کے لیے ایسے منصوبوں پر سنجیدگی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔
قبل ازیں مشیر تعلیم نے یونیورسٹی آف سوات میں منعقدہ اجلاسوں کے دوران یونیورسٹی آف سوات کے مالی امور سے متعلق اور سینٹ اجلاس کی صدارت کی جس میں ادارے کے اکیڈمک کارکردگی،مالی، ادارہ جاتی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاسوں میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین،رجسٹرار،ٹریزرر اور دیگر حکام شامل ہوئے۔ مشیر تعلیم نے اس موقع پر یونیورسٹی آف کمپیوٹنگ سائنس اینڈ آئی ٹی سوات کے سینٹ اجلاس کی بھی صدارت کی۔ اجلاس میں وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد خٹک و دیگر متعلقین شریک ہوئے۔ مشیر تعلیم نے مذکورہ یونیورسٹی کے دونوں کمپسز کے اکیڈمک، انتطامی اور مالی امور کا جائزہ لیا۔

مزید پڑھیں