ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تعلیمی اداروں میں سہولیات کی بہتری اور فنی تربیت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، عامر جاوید

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے محکمہ محنت عامرجاوید نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تعلیمی اداروں اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹس میں سہولیات کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ شیر عالم خان، ڈائریکٹر جنرل (ورکس) محمد آصف مجید، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد شعیب اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ورکنگ فوکس گرامر ہائیر سیکنڈری اسکول پشاور-I (بوائز و گرلز)، پشاور-II گرلز اسکول اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ پشاور کے دورے کے موقع پر کیا۔
دورے کے دوران مشیر محکمہ محنت نے کلاس رومز، تدریسی سرگرمیوں، فنی تربیت کی کلاسز اور دستیاب بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ پرنسپلز نے اداروں کی کارکردگی، فرنیچر کی کمی اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ نے بتایا کہ اسلام آباد میں ورکرز ویلفیئر فنڈ سے مطلوبہ فنڈز موصول ہوتے ہی فرنیچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ پشاور کے دورے کے دوران مشیر کو فنی تربیتی پروگراموں اور جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ نے بتایا کہ ادارے میں ایک پائلٹ منصوبے کے تحت تیار ہونے والے یونیفارمز بورڈ کے تعلیمی اداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔ مستقبل میں اس منصوبے کو صوبے کے دیگر ووکیشنل اداروں تک توسیع دینے اور تیار کردہ ملبوسات و کڑھائی کی مصنوعات مارکیٹ میں متعارف کرانے کا بھی منصوبہ ہے، جس سے اداروں کے لیے آمدن کے ذرائع پیدا ہونے کے ساتھ محنت کشوں کے بچوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
عامر جاوید نے تعلیمی اداروں اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے درپیش مسائل کے حل اور تعلیمی و فنی تربیتی سہولیات کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش ملکی معیشت میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور ان کے بچوں کو تعلیم و ہنر سے آراستہ کرکے خودکفیل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں