مشیرِ گورنر خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور کا پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن پر خوشی اور مسرت کا اظہار

گورنر خیبر پختونخواکی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی مشن پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف سکولوں، کالجوں اور جامعات میں طلبہ نے اس تاریخی خلائی مشن کی براہِ راست نشریات بڑی سکرینوں اور ٹیلی ویژن پر اجتماعی طور پر دیکھیں۔ اس موقع پر طلبہ میں غیر معمولی جوش و خروش اور خوشی دیکھنے میں آئی۔انہوں نے کہا کہ تاریخی مشن کی براہِ راست نشریات کے دوران طلبہ نے پاکستان زندہ باد اور پاک چین دوستی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، جبکہ تعلیمی اداروں میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قومی فخر کے جذبات نمایاں رہے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی یہ تاریخی کامیابی پاکستانی نوجوانوں کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدید تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کا نیا حوصلہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیت، محنت اور لگن کے بل بوتے پر دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور استعداد رکھتے ہیں۔ نوجوان نسل میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مناسب مواقع فراہم کرکے پاکستان کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔مشیرِ گورنر نے کہا کہ پاکستان کی سائنسی ترقی اور عالمی سطح پر کامیابیوں کے لیے نوجوان نسل کا عزم اور جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ پاک چین دوستی اور باہمی تعاون بھی پاکستان کی سائنسی و تکنیکی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو رہے ہیں۔ثمر ہارون بلور نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا اور پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں