
ِ گورنر خیبر پختونخواکی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کے حقوق، تحفظ اور بااختیاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین پر کسی بھی قسم کا جسمانی، جذباتی یا زبانی تشدد ناقابلِ قبول ہے۔ خواتین کو عزت، تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔اپنے پیغام میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ تشدد کا شکار خواتین خوف اور معاشرتی دباؤ کے باعث خاموش نہ رہیں بلکہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں۔ قانون خواتین کے تحفظ کے لیے موجود ہے، تاہم خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے قانونی اقدامات کے ساتھ معاشرتی سوچ اور رویوں میں مثبت تبدیلی بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار خواتین کو قانونی معاونت اور معاشرتی تحفظ فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کرنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے۔مشیرِ گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی خواتین تعلیم، صحت، انتظامیہ اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کا تعلیم اور عملی زندگی میں آگے بڑھنا صوبے میں مثبت سماجی تبدیلی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ بدلتے اور ترقی کرتے خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔ خواتین محض ترقی کے سفر کا حصہ نہیں بلکہ اس کی معمار بھی ہیں۔ خواتین اور مرد باہمی احترام، اعتماد اور تعاون کے ذریعے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔دریں اثنا، عالمی یومِ انسدادِ تشدد برائے خواتین کے موقع پر گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر ثمر ہارون بلور نے ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ آفس پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین فرسٹ ریسپانڈرز کی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 میں خدمات انجام دینے والی یہ بہادر خواتین طبی ہنگامی صورتحال، آگ لگنے کے واقعات اور دیگر انسانی و قدرتی آفات کے دوران فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ یہ خواتین لوگوں کے گھروں تک پہنچ کر مشکل حالات میں امدادی خدمات فراہم کرتی ہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ یہ خواتین ہمارا فخر ہیں اور بحیثیت معاشرہ ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، نہ کہ انہیں جسمانی، جذباتی یا زبانی تشدد کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے پاکستان بھر کی خواتین اور بچیوں کو پیغام دیا کہ وہ خود کو کبھی کمزور یا تنہا نہ سمجھیں، وہ ان کے ساتھ ہیں۔
