خیبرپختونخوا کے نگران وزیرِ اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات محمد عمران کی خصوصی ہدایات کے تحت پختونخوا ریڈیو پشاور کے زیراہتمام 12 ربیع الاول کو خصوصی نشریات چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ریڈیو کے آفیشل فیس بک پیج سے بھی براہ راست پیش کی جائیں گی۔اس ضمن میں پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92.2 کے سٹیشن ڈائریکٹر غلام حسین غازی کی زیر صدارت اجلاس میں عید میلاد النبی 12 ربیع الاول کے حوالے سے خصوصی نشریات اور پروگرامز ترتیب دیئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 12 ربیع الاول کی نشریات جمعرات کی شام نماز مغرب سے شروع ہونگی اور جمعہ رات 12 تک جاری رہیں گی۔ ان پروگراموں میں میں محفل میلاد، گیسٹ پروڈیوسر فرحان خلیل کی معیت میں سکول کے بچوں کا نعتیہ مقابلہ، پروڈیوسر رخسار جاوید کی میزبانی میں سیرت النبی پر کوئیز کمپیٹیشن، پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی اور شاہد علی شاہد کی میزبانی میں نعتیہ مشاعرے اور پروفیسر یاسر علی شاہ کی میزبانی میں نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر علماء اور دانشوروں کے خصوصی مقالات اور پروگرام شامل ہیں۔ توقع ہے کہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سکول کے بچوں کے نعت اور کوئز کمپٹیشن کی اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔