ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان ناصر محمود ستی نے کہا ہے کہ محکمانہ ترقی فرض شناس ملازمین کاحق ہے تاہم ترقی ملنے سے فرائض اور ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے،جن کی دیانتدارانہ ادائیگی اگلی محکمانہ ترقی کی ضمانت ہوتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سب انسپکٹر سے انسپکٹرکے عہدے پر ترقی پانے والے پولیس افسران کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آر پی او ڈیرہ نے کہا کہ فرض شناسی کا دنیا میں پہلا تحفہ محکمانہ ترقی ہوتی ہے،ترقی کرنا ہر انسان کی خواہش اور اس کا بنیادی حق ہے لیکن ترقی پانے کی یہ خوشی اس وقت دوبالا ہو جاتی ہے جب اہلکار کو اگلے رینک کی ذمہ داریاں پوری کرنے کا احساس ہو۔آپ کو پہلے رینک پر فرض شناسی کا تحفہ محکمہ کی طرف سے محکمانہ ترقی کی صورت میں مل گیا اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اگلے رینک کی ذمہ داریوں اور فرائض کے تقاضوں کے مطابق عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ظالموں کے خلاف مظلوم عوام کی دار رسی قانون کے مطابق کریں۔انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران میں صفدر خان، شاہ جہاں، منظور احمد، اصل دین اور عبدالطیف شامل ہیں۔