وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان سے منگل کے روز پشاور میں 1992 کے کرکٹ ورلڈ میں پاکستانی سکواڈ کے ممبر اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی راشد لطیف اور سابقہ عالمی کھلاڑی وجاہت اللہ واسطی نے ملاقات کی اور انکے ساتھ صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران ممبر صوبائی اسمبلی عبدالمنعم خان کے علاؤہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصراور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر مشیر کھیل اور عالمی کھلاڑیوں کے مابین صوبے میں کھیلوں کی ترقی اور خصوصی طور پر یہاں پر انٹرنیشل کرکٹ کے ایونٹس کے انعقاد کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران مشیر کھیل کو دونوں کھلاڑیوں نے صوبے میں پختونخوا کرکٹ لیگ کے نام سے ایک کرکٹ ایونٹ منعقد کرانے کی تجویز پیش کی جس میں قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی حصہ لیں گے۔اس سلسلے میں عالمی کھلاڑیوں سے مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایونٹ کےانعقاد کے حوالے سے ایک معقول پروپوزل انھیں پیش کی جائے جس کا ہر پہلو سےتفصیلی جائزہ لیکر اس حوالے سےحتمی فیصلہ لیا جائے گا۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے لیگز بھی کھیلے جائیں گے اور ہماری یہ کوشش ہے کہ صوبے میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی جلد از جلد کھیلیں۔انھوں نے کہا کہ صوبے میں عالمی کرکٹ کیلئے تمام ترانتظامات مکمل کرنے کیلئے چارج سنبھالنے کے ساتھ ہی یہ ہدایات دی ہیں کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کو عالمی معیارات کے مطابق بنانے کیلئے اس کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا کے عوام پرامن،مہمان نواز اور معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کے عکاس ہیں اور ان صحت مندانہ سرگرمیوں کے ذریعے ہم باہر دنیا کو صوبے کے بارے میں ایک مثبت تصویر پیش کرنا چاہتے ہیں۔سید فخر جہان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور کھلاڑیوں کو بہتر ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ہم یہاں پر نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی خاطر یہاں پر کھیلوں کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز کوششیں کرنے میں مصروف عمل ہیں۔