وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ ہم صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے پالیسی متعارف کررہے ہیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ ہم صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے پالیسی متعارف کررہے ہیں جس کے نتیجے میں ہر کھیل سے متعلق 15 باصلاحیت کھلاڑیوں کودیگر سہولیات کیساتھ اسکالرشپس فراہم کئیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران مختلف کھلاڑیوں میں اعلی کارکردگی دکھانے پر انکی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات سے نوازا گیا ہے جبکہ نوجوانوں کی ترقی اور انھیں معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے دس لاکھ تا ایک کروڑ روپے تک بلاسود قرضہ سکیم شروع کررہے ہیں جس کے تحت نوجوان کلسڑز کی بنیاد پر یہ قرضہ حاصل کرکے اپنے لئیے باعزت روزگار شروع کرسکیں گے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مختصر دورانئے میں بہتر مالی انتظام کی بدولت سپورٹس فیسلیٹیز سے آمدن آنی بھی شروع ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں ایک مہینے کے دوران صرف حیات آباد سپورٹس کمپلیکس نے ایک ملین روپے کی کمائی کی ہے جسے سپورٹس کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود ہی پر خرچ کیا جائے گا۔انھوں نے صوبے میں کرکٹ کھیل کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ پشاور زلمی گروپ کے تعاون کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ محکمہ سپورٹس اس حوالے سے مزکورہ گروپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر سول سیکریٹیریٹ پشاور میں پشاور زلمی گروپ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنھوں نے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عباس لائق کی سربراہی میں مشیر کھیل سے ملاقات کی۔وفد میں ہیڈ آف مارکیٹنگ احد خان بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران پشاور زلمی نے مشیر کھیل کو صوبے میں کرکٹ کھیل کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ ملکر کوششیں کرنے اور اس ضمن میں اپنا تعاون بڑھانے کے پیشکش کی۔انھوں نے بتایا کہ ہم صوبے میں 100 کرکٹ پچز بنانے میں محکمہ کو اپنا تعاون بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ ارباب نیاز سٹیڈیم کی تیاری کی تکمیل کی اوپننگ تقریب کی سپانسرشپ میں بھی انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ ہم محکمہ کیلئے مختلف گراؤنڈز میں کرکٹ اکیڈمیز بھی بنانا چاہتے ہیں جبکہ صوبے میں پی ایس ایل بھی جلد ازجلد لانا چاہتے ہیں۔انھوں نے مشیر کھیل کو اپنے گروپ کے دیگر خدمات اور سرگرمیوں کے حوالے سے بھی مشیر کھیل کو آگاہ کیا۔اس موقع پر مشیر کھیل نے پشاور زلمی کی جانب سے صوبے میں کرکٹ کی ترقی کیلئے حکومت کو اپنا تعاون بڑھانے کا خیر مقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مذکورہ گروپ کی مشترکہ کوششں اس کھیل کی ترقی میں معاون ثابت ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ یہاں پر کھیلوں کو فروغ حاصل ہو۔اس کے ذریعے ہمارے صوبے کا مثبت تشخص اور تصو اجاگر ہوسکے۔ہم ان کھیلوں کے باعث پوری دنیا میں اپنی امن پسندی اور ایک پر امن معاشرے کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ یہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ جلد از جلد لایا جائے،ارباب نیاز سٹیڈیم کو ان سرگرمیوں کیلئے بہت جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ہر سال یہاں پر سپر لیگ کا انعقاد بھی ہمارے پلان میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ سپورٹس فیسلیٹیز کے حوالے سے صوبے میں محکمہ کے حکام پشاور زلمی سے ہر موڑ پر درکار تعاون فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں