خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال نے محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ورلڈ بینک پراجیکٹس سمیت دیگر فارن فنڈنگ منصوبوں اور صوبے میں جاری نئی اے ڈی پی سکیموں پر کام کی رفتار میں تیزی لا تے ہوئے کاشتکاروں اور عوام کے بہتر مفاد میں انہیں بروقت مکمل کیا جائے انہوں نے یہ ہدایات محکمہ زراعت کی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت جاوید مروت اور محکمہ زراعت کے تمام ونگ کے ڈائریکٹر جنرلز کے علاوہ زرعی یونیورسٹی پشاور، سوات اور ڈی ائی خان کے رجسٹرارز نے شرکت کی اورگزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور اس ضمن میں ہونے والی پیشرفت اور اب تک ہونے والے اقدامات کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ایک محکمانہ ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے جو منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کو صحیح طریقے سے استعمال میں لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے کیونکہ سکیموں کی مقررہ وقت میں تکمیل سے نہ صرف زمینداروں کو فائدہ ہوگا بلکہ صوبے کے معاشی استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکے گا انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کو سختی سے تاکید کی کہ وہ اپنے دفتروں میں بیٹھنے کی بجائے زیادہ تر وقت فیلڈ سرگرمیوں میں گزاریں تاکہ افسران کے زرعی سائنسی علوم سے کاشتکار طبقہ مستفید ہو سکے انہوں نے خبردار کیا کہ جو افسران اپنے کام میں دلچسپی نہیں لیتے اور ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا ہے کہ تمام افسران باہمی روابط اور اجتماعیت کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں۔