وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف ضلع دیر کے صدر ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ بہبود آبادی کا براہِ راست تعلق عوام سے ہے محکمہ بہبود آبادی کے تمام پروگراموں کا مقصد عوام کی فلاح اور آنے والی نسلوں کی بہترین نشوونما کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانع حمل ادویات کے درست استعمال اور صحت مندانہ زندگی کی بسر کے لیے لوگوں میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کے لیے بہترین اور موثر انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف مکتبہ فکر کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں محکمہ بہبود آبادی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے کہا کہ آبادی میں بے تحاشہ اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمہ بہبودِ آبادی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے آبادی کے اضافے پر کنٹرول حاصل کرنے سے عوام کی اجتماعی صحت اور معاشی و معاشرتی حالت میں بہتری لائی جا سکتی ہیں۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ عوامی فلاح کے لیے موجودہ وسائل کی تقسیم اور عوام میں بہبودِ آبادی کے حوالے سے شعور مزید بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں پورے صوبے میں بہبودِ آبادی کے مراکز کی عوام کیلئے دستیابی کومزید قریب کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر متعلقہ سہولیات میسر ہو سکیں۔